ملتان (سٹاف رپورٹر) ایران میں بہاولپور کے سرائیکی مزدوروں کا قتل بد ترین دہشت گردی ہے، فوری طور پر ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کرکے اپنا سفیر واپس بلایا جائے اور ایران سے جواب طلبی کی جائے، شہداء سرائیکستان کے سوگ میں ہم آج ہونے والی سرائیکی ثقافتی کانفرنس کو شہداء سرائیکستان کانفرنس میں تبدیل کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی کونسل کے چیئرمین ظہور دھریجہ اور سرائیکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین رانا محمد فراز نون نے سرائیکستان قومی کونسل کے دفتر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں بہاولپور کے سرائیکی مزدوروں کے قتل پر پورا وسیب اور ملک سوگوار ہے، سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ بلوچستان سے سالہا سال سے سرائیکی وسیب لاشیں وصول کر رہا ہے۔، ایران میں بھی سرائیکی مزدوروں کے قتل کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، پچھلے سال جنوری میں بھی ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں 9سرائیکی مزدوروں کو بیدردی سے قتل کیا گیا تھا۔