اسلام آباد (طاہر خلیل،شکیل اعوان )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایا ز صادق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیز کیلئے نشستیں مختص اور دوہری شہریت کے معاملات پر غور کے بعد فیصلہ کیا جا سکتا ہے‘ سیاسی پارٹیاں ملکر فیصلہ کر سکتی ہیں‘بیرون ملک پاکستانی اگرسمجھتے ہیں انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت ملنی چاہئے تو وہ اس سلسلے میں اپنی اپنی جماعتوں سے بات کریں‘ کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اوورسیز پاکستانیوںکے پہلے سالانہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن کو بریفنگ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے سیکریٹری جمیل قریشی نے بتایاکہ اب اوورسیز پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے لیے تمام سہولیات ایک جگہ دستیاب ہیں‘بزنس پروپوزل کے ساتھ ایس آئی ایف سی کے دفتر آئیں یا ایم میل کریں‘ وعدہ ہے 24گھنٹے میں جواب ملے گا‘ غیرملکی ویب سائٹ پر ویزہ اپلائی کرسکتے ہیں۔