کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کے سامنے سکھر سے "روڈ ٹو مکہ" اقدام یا حج پروازیں شروع کرنے کی تجویز پیش کر دی جس پر وفاقی وزیر نے مثبت جواب دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ سال کے حج پلان میں سکھر سمیت دیگر شہروں سے بھی حج پروازیں شامل کی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود اور وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے رانا مشہود سے ملاقات میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان سندھ کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے پر بات کی اور اس پر اتفاق بھی کیا۔ ملاقات کے دوران طے پایا کہ اس اشتراکِ عمل کے ذریعے سندھ کے نوجوانوں کو مختلف ممالک میں روزگار، تعلیمی تبادلے اور مشاہداتی دوروں کے مواقع حاصل ہوں گے۔یہ ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی جس میں وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ علیم لاشاری سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کی اہمیت اجاگر کی کہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بہتر روزگار کے مواقع، بین الاقوامی مشاہداتی دورے اور تعلیمی تبادلے فراہم کیے جائیں۔