• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ریڈ زون سیل، جماعت اسلامی کا غزہ مارچ، حماس کا دفتر کھولنے کا مطالبہ

کراچی (نیوز ڈیسک) اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے غزہ یکجہتی مارچ کے موقع پر ریڈ زون کو سیل کردیا گیا، جماعت اسلامی نے انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد اسلام آباد ایکسپریس وے پر مارچ کیا جس میں خواتین سمیت دسیوں ہزاروں افراد نے شرکت کی ، اس موقع پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے26اپریل کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حماس کا پاکستان میں دفتر کھولا جائے، حکمران امریکا اسرائیل سے خوف کھاتے ہیں، امت سوئی ہوئی نہیں ہے، حافظ نعیم نے کہا کہ مفادات کے حصول کیلئے اکٹھے ہونے والے سیاستدان امریکا کی مذمت کے کیوں اکٹھے نہیں ہوتے، کچھ لوگ پاکستان سے اسرائیل گئے اور وہاں وعدے کرکے آئے ہیں، اسرائیل کے ساتھ بڑھنے سے سب کچھ برباد ہو جائے گا،امریکا مسلمانوں اور انسانوں کا قاتل ہے، امریکا کے نوجوان خود اس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات فلسطین کی حمایت میں احتجاج کررہے ہیں۔ ہمیں متحد ہونا پڑے گا، عالم اسلام کو بھی جگانا پڑے گا، اور باضمیر ممالک جو اس وقت اسرائیل کے خلاف ہیں انہیں اکٹھا کرنا پڑے گا، کوئی اور یہ کام کرے نہ کرے، پاکستان کو یہ کام کرنا ہوگا، لوگ پاکستان کی طرف بہت امید سے دیکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جماعت اسلامی نے اتوار کی سہ پہر ریڈ زون کے اندر امریکی سفارت خانے کے باہر غزہ سے اظہار یکجہتی کیلئےمارچ کا اعلان کر رکھا تھا۔جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکریٹری اطلاعات عامر بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کہ اسلام آباد انتظامیہ کیساتھ معاملات طے پانے کے بعد ریڈ زون کی طرف مارچ کے بجائے جماعت اسلامی نےاسلام آباد ایکسپریس وے پر مارچ کا فیصلہ کیا۔ قبل ازیں وفاقی حکومت نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ریڈ زون کی طرف جانے والے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا تھا اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں کا شیّڈول بھی جاری کر دیا گیا تھا۔اس سے قبل جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے دعوی کیا کہ حکومت نے مارچ کی اجازت نہیں دی ہے۔ انہوں نے حکومت کے اس اقدام کو افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیا۔
اہم خبریں سے مزید