راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر) ساڑھے چار ماہ قبل فوت ہونے والی معلمہ کی قبرکشائی کرکے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے نمونے حاصل کرلئے گئے ۔ذرائع کے مطابق 3دسمبر 2024کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ گرلزکالج رحمت آباد کی گریڈ 19 کی پروفیسر 57سالہ شمشاد عرف عمارہ عروج زوجہ پروفیسر محمدافضل شہزادوفات پا گئی تھیں ۔پروفیسر افضل پہلے سے شادی شدہ اور صاحب اولاد تھے۔ انہوں نے 2011میں متوفیہ سے عقدثانی کیا تھا،دوسری اہلیہ سے ان کی کوئی اولادنہ تھی ۔پولیس کاکہناہے کچھ روزپہلے متوفیہ کی ہمشیرہ فرح نے عدالت میں درخواست دی کہ اس کی ہمشیرہ کو زہر دے کر قتل کیاگیا عدالت قبرکشائی کرواکرپوسٹ مارٹم کروائے جس پر عدالت نے قبرکشائی کاحکم دیا تھا۔ منگل کو مجسٹریٹ ،تھانہ چکلالہ کے ایس ایچ اوانسپکٹر حامد کاظمی ،ایچ آئی یو کے سب انسپکٹر احمد شیر کی موجودگی میں وزیرٹاؤن قبرستان میں قبرکشائی کرکے متوفیہ کی میت سے مواد کے نمونے حاصل کئے گئے ۔