• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی سفارتکاروں کو ناپسندیدہ اشخاص قرار، ملک بدر کیا جائے، سپریم کورٹ بار

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پہلگام واقعہ کے باعث سفارتی کشیدگی میں اضافہ کی روشنی میں حکومتِ پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں موجود تمام بھارتی سفارتکاروں کو ناپسندیدہ اشخاص قرار دیتے ہوئے انہیں 48 گھنٹوں کے اندراندر ملک چھوڑنے کا حکم جاری کرے قومی وقار کے تحفظ کیلئے سخت اور موثر جواب ناگزیر،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد رؤف عطاء کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر قومی وقار کے تحفظ کیلئے سخت اور موثر جواب ناگزیر ہے، پہلگام واقعہ ایک اور جھوٹا آپریشن ہے، جیسا کہ پلوامہ واقعہ اور دیگر بے شمار سازشیں، جن کا مقصد ریاستِ پاکستان پر دہشتگردی کی سرپرستی کا جھوٹا الزام عائد کرنا ہے، ہم ان بے بنیاد اور مضحکہ خیز الزامات کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں جو نہ صرف ناقابلِ اعتبار ہیں بلکہ بین الاقوامی برادری کی نظر میں محض جھوٹ کا پلندہ ہیں، ایسوسی ایشن یہ موقف رکھتی ہے کہ پہلگام واقعہ بھارتی ریاست کی جانب سے ایک ناکام کوشش ہے جس کا مقصد عالمی توجہ کو بھارت کے ریاستی جبر اور بھارتی مقبوضہ کشمیر میں دستاویزی جنگی جرائم سے ہٹانا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اور جنگی جرائم، جو بھارتی ریاست کی مکمل سرپرستی میں کیے گئے، ہرگز نظرانداز نہیں ہونے چاہئیں، ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے کردار کا نوٹس لے اور اس پر سنجیدگی سے غور کرے، ایسوسی ایشن واضح کرتی ہے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
ملک بھر سے سے مزید