پشاور(جنگ نیوز) ملازمین کی کارکردگی کا وقتا فوقتا جائزہ لے کر ان کی استعداد کار بڑھانے پر مبنی تربیت کا انتظام کسی بھی ادارے کی ترقی اور عوام کو فوائد پہنچانے سے منسلک ہے۔ ملکی ترقی میں ہر ادارہ اس طرح کے مواقع فراہم کر کے اپنی قانونی آئینی اور معاشرتی ذمہ داریوں کو باآسانی پورا کر سکتا ہے۔ بدقسمتی سے سرکاری اداروں میں اس قسم کی سرگرمیوں کا فقدان پایا جاتا ہے اور ترقی کے ان پہلوؤں پر توجہ نہیں دی جاتی ۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ظریف المانی نے ادارے کے ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لینے اورانکی استعداد کار بڑھانے پر مبنی ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔