کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) اپوزیشن اور حکومتی اتحادیوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا، پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا، پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ یہ حکمرانوں کی نااہلی ہے، حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے،ایم کیو ایم کے فاروق ستار نے کہا کہ ہوشربا اضافے سے ایسا نہ ہو حالات انارکی پر چلے جائیں اور لوگ تنگ آمد بجنگ آمد ہو کر سڑکوں پر نکل آئیں، حکومت اپنے اخراجات میں کمی کرے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی و سیاسی صورتحال پرغور کیا گیا،سیاسی کمیٹی نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کو عوام پر ’’مہنگائی بم‘‘ قرار دیا اور کہاکہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کےبجائے ان پر مہنگائی کا بوجھ ڈال دیا ہے۔سیاسی کمیٹی اعلامیےمیں کہا گیا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی کےبوجھ میں کمی کر کے عوام کو عالمی منڈی کی قیمتوں کے جھٹکے سے بچائے، حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں غربت کی شرح بڑھ رہی ہے،ایک طرف سرکاری جہازوں اور پُرتعیش مراعات کی ریل پیل ہے،دوسری طرف غریب عوام کیلئے پیٹرول کی قیمتیں پہنچ سے باہر کر دی گئی ہیں۔