کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے پاک، افغان سرحدی کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کوئی پناہ گاہ یا تجربہ گاہ نہیں جہاں دنیا اپنی ناکام جنگیں آزما کر چلی جائے اور قیمت پاکستانی عوام ادا کریں۔ ریاست کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ پاکستان پہلے ہے یا دوسروں کے مفادات۔ پاکستان کو سب سے پہلے اپنی سرحدوں اور معیشت کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں میں افغانستان کی جنگوں کا سب سے زیادہ بوجھ پاکستان نے اٹھایا اور 150ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان برداشت کیا، اب اگر ہماری افواج دراندازی کے جڑ سے خاتمے کیلئے کوششیں کررہی تو ایسے میں تما م قوم پاک افواج کے اس اقدام کی بھر پور حمایت اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ایران اور اسرائیل جنگ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ ایران اسرائیل جنگ مقامی و علاقائی تنازعہ نہیں بلکہ عالمی طاقتوں کی جغرافیائی سیاست کا حصہ ہے۔