واشنگٹن ( جنگ نیوز) ایرانی کمانڈر کا بدلہ لینے کیلئے ٹرمپ کے قتل کی سازش، پاکستانی مجرم قرار 2024میں ٹرمپ، بائیڈن اور نکی ہیلی بھی اہداف، مبینہ منصوبہ ایرانی پاسداران انقلاب کے کہنے پر بنایا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے حملہ ہونے سے پہلے ناکام بنادیا ،ملزم کا موقف تھا کہ اہل خانہ کو تہران میں محفوظ رکھنے کیلئے مجبوری میں ایسا کیا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں ایک پاکستانی شہری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم امریکی سیاست دانوں کو قتل کرنے کی سازش کے جرم میں مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق آصف مرچنٹ پر الزام تھا کہ وہ 2024 میں ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کی 2020 میں ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے امریکا میں لوگوں کو ٹرمپ اور دیگر رہنماؤں کے قتل کے منصوبے میں شامل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔