• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرول مہنگا ہوتے ہی ٹرانسپورٹرز اور ریلوے نے کرائے بڑھا دیئے

کراچی(اعجاز احمد /اسٹاف رپورٹر ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹرز اور پاکستان ریلوے نے بھی اپنے کرایوں میں فوری اضافہ کردیا، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی چکی میں پسے عوام ایک ہی جھٹکے میں غربت کی لکیر سے مزید نیچے چلے گئے، سول سوسائٹی کے مطابق وزیراعظم نے پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی کراچی میں چل رہی ٹوٹی پھوٹی بسوں، منی بسوں، کوچز، رکشہ اور ٹیکسی والوں نے فوری طور پر 10تا15فیصد کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔ جب کہ پاکستان ریلویز نے بھی اپنی اکانومی کلاس کے کرایوں میں5 فیصد ، اے سی کلاسز کے کرایوں میں 10فیصداور مال گاڑیوں کے کرایوں میں20 فیصد اضافہ کردیا ہے، اس اضافے کااطلاق9 مارچ سے تمام مال گاڑیوں اور مسافر ٹرینوں کے کرایوں پر ہوگا، تاہم اس فیصلے کا اطلاق پہلے سے کی ہوئی بکنگ پر نہیں ہوگا۔ ترجمان پاکستان ریلوے کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرین کے کرایوں میں اضافہ ناگزیرتھا،البتہ مسافرٹرینوں کے آپریشنل اخراجات کااضافی بوجھ پاکستان ریلویز خودبرداشت کرے گا۔دریں اثناءسول سوسائٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید غم و غصے اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ سے متاثرہ ایران نے تو اپنے شہریوں کے لئےپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا، مگر ہمارے وزیراعظم نےکسی جنگ میں حصہ لئے بغیر ہی عوام پر پٹرول بم گراکرقوم کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا ہے، جس کے منفی اثرات گرتی ہوئی ملکی معیشت کو مزید ابتر کردیں گے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جب پٹرولیم مصنوعات کی نئی کھیپ ابھی پاکستان نہیں پہنچی اور پاکستان کے پاس پٹرولیم مصنوعات کا پرانا ذخیرہ ہی موجود ہے تو پھر نئی قیمتوں کا تعین کس بنیاد پر کیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ ملکی اشرافیہ اپنی عیاشیوں میں کمی کرنے کے بجائےتمام تر بحرانوں کا رخ صرف عوام کی جانب موڑ دیتی ہے، حکمراں طبقے میں کسی بھی بحران سے نمٹنے کی کوئی انتظامی صلاحیت ہے نہ وہ کوئی تدبیر کرسکتے ہیں، بلکہ ان کا کام صرف آئی ایم ایف کی ہدایات پر سرنگوں کرنا رہ گیا ہے۔مزید برآں کراچی گرینڈ الائنس کے چیئرمین محمد اسلم خان نے کہا کہ وزیراعظم نے پٹرول بم گراکرقوم کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے،حکمراں آئی ایم ایف کے غلام ہیں، عوام یہ اضافہ مسترد کرتے ہیں ۔

اہم خبریں سے مزید