کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 17سال سے سندھ پر مسلط اور کراچی کے اداروں و وسائل پر قابض ہے، اختیارات و وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنے کو تیار نہیں ہے، قابض میئر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئر مین بھی ہیں، شہر میں پانی کا مسئلہ حل کرنا ان کی ذمہ داری ہے لیکن شہری پانی کے شدید بحران کا شکار ہیں، پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہر سطح پر احتجاج کریں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہر یوسی کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے، عوامی خدمت اور مسائل کے حل کی کوششیں جاری رہیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کے تحت شریف آباد میں نیاری پارک کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نیازی پارک میں بچوں کے جھولوں کے علاوہ سوئمنگ پول بھی بنایا گیا ہے، منعم ظفر خان نے پارک کادورہ بھی کیا، منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ لیاقت آباد ٹاؤن کی پوری ٹیم قابل مبارکباد ہے جس کی کوششوں سے ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا، پارک کی بحالی سے شریف آباد کے بچوں، بزرگوں اور خواتین سمیت علاقہ مکینوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔