اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد میں75وارداتوں میں نقدی زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ تین کاریں ، 26موٹر سائیکل،24موبائل فونز سمیت دیگر سامان اڑا لیا گیا۔ 32 گھروں کے تالے ٹوٹ گئے۔ ایک کار، تین موٹر سائیکل ، 9 موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر جبکہ 5 موبائل فون جھپٹا مار کر چھین لئے گئے ۔وفاقی دارالحکومت میں صرف 6 مقدمات درج ہوئے جن میں 3موٹر سائیکل چوری ، ایک موٹر سائیکل، تین موبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی ۔تھانہ ٹیکسلا میں شعیب اختر نے رپورٹ درج کرائی کہ 4مسلح افراد نے براہمہ انٹرچینج کے قریب اسے اغواء کرکے کندیاں کے قریب اتار دیا اس کی 50لاکھ مالیتی کارایل آی ایف 1338 ،ساڑھے تین لاکھ نقدی اور موبائل فون چھین کر لے گئے۔تھانہ چکلالہ میں رزینہ علیم انصاری نے اپنی بہو کے خلاف 15 لاکھ روپے نقد اور 60 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چرانے کے الزام میں مقدمہ درج کروا دیا۔ تھانہ صدر واہ کینٹ میں ملک محمد رؤف نے 50 لاکھ نقدی اور موبائل چوری کا مقدمہ درج کرایا ۔ اسی تھانہ کے علاقے مسلم آباد میں محمد الطاف کے گھر سے پونے دو لاکھ کی نقدی اور ساڑھے 6لاکھ روپے مالیت کے زیورات ،اسی تھانہ میں نیو کشمیر کالونی کے خورشید خان نے 14 لاکھ کی نقدی اور دیگر سامان چوری کا مقدمہ درج کرایا ۔ دیگر وارداتوں میں بھی لاکھون کی نقدی اور زیورات چوری ہو گئے۔