لاہور(آصف محمود بٹ) لاہور میں تعینات چینی قونصل جنرل ژائو شیرین نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ نہیں ہونی چاہئے ،بہتر راستہ نکالنا ہوگا، حالات کیسے بھی ہوں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، ژائو شیرین کی پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی قیادت سے ملاقات،پاک بھارت کشیدگی، نئی نہروں کے معاملات میں پیش رفت پر تبادلہ خیال، رکن پنجاب اسمبلی مخدوم عثمان محمودنے کہا کہ انڈیا دوسرے ملکوں پر قبضہ کرکے اپنی سرحدوں کی توسیع چاہتا ہے۔ چینی قونصل جنرل نے اس بات سے اتفاق کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری فنانس احمد جواد رانا کی رہائش گاہ پر پی پی پی کی صوبائی قیادت سے ملاقات کے دوران کیا۔ چینی قونصل جنرل ژائو شیرین نے کہا کہ ان کا ملک سی پیک ، معاشی ترقی اور سیکورٹی اپریٹس جیسے معاملات پر پاکستان کے ساتھ ہے۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں ، چین کا ہر فرد پاکستان سے محبت کرتا ہے اور اسی طرح پاکستانی چین سے پیار کرتے ہیں ۔