کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز 8میں سے ساتویں شکست کے بعد پلے آف کی ریس سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ کراچی کنگز نے ملتان کو87رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ اس کے 8پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ دن کا دوسرا میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ جمعرات کو لاہور میں کنگز کے چار وکٹ پر204 کے جواب میں سلطانز 117 پر ہمت ہارگئے۔ کراچی نے ساتویں میچ میں چوتھی کامیابی حاصل کی ۔ جیمز وینس نے45 گیندوں پر65رنز دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے بنائے انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز ٹم سائیفرٹ اور ڈیوڈ وارنر نے 53 رنز کا جارحانہ اسٹارٹ دیا۔ سائیفرٹ نے 22 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر نے مائیکل بریسویل کے ایک ہی اوور میں 24 رنز اسکور کیے، وہ 2 چھکوں اور4 چوکوں کی مدد سے30 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ عمیر بن یوسف ایک ، عرفان خان 40 اور خوشدل شاہ نے آؤٹ ہوئے بغیر 13 گیندوں پر 33 رنز اسکور کیے جس میں2 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔ جواب میں سلطانز کی بیٹنگ ابتدا ہی سے لڑکھڑاگئی۔ کپتان محمد رضوان صفر، عثمان خان ایک ، یاسر خان 26 ، کرٹس کیمفر 12، افتخار احمد 8 اور مائیکل بریسویل 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ محمد نبی نے 14 رنز دے کر3 ، خوشدل شاہ نے دو دو وکٹ لیے۔ بعدازاں دن میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان دوسرا میچ بار ش، گرد وغبار اور آندھی کے باعث مکمل نہ ہوسکا ، دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ۔12ویں اوور کی تین گیندیں ہوئی تھی کہ تیز آندھی اور پھر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ اس وقت لاہور قلندرز نے 3 وکٹ پر 111 رنز بنائے تھے ۔ فخرزمان کھاتہ کھولے بغیر ہی پہلے اوور میں خرم شہزاد کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ محمد نعیم اور عبداللہ شفیق نے 102رنز کی جارحانہ شراکت قائم کی، دونوں نے 29، 29 گیندوں پر نصف سنچریاں مکمل کیں۔ عبداللہ شفیق53رنز پر کھیل رہے تھے۔ واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، لاہور قلندرز کے 8 میچوں اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے سات میچوں میں 9، 9 پوائنٹس ہیں۔