کراچی(اسٹاف رپورٹر) مالی مشکلات کے باعث پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نیشنز کپ اور جونیئر ورلڈ کپ کیلئے چھ مئی سے نصیر بندہ اسٹیڈیم اسلام آباد میں سنیئراور جونیئر ٹیموں کا مشترکہ کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طرح اخراجات میں کمی ہوگی۔ پی ایچ ایف سکریٹری رانا مجاہد علی خان کے مطابق جونیئر ٹیم کو ورلڈ کپ سے قبل یورپ بھیجنے کا ارادہ ہے مگر مالی مسائل آڑے آرہے ہیں۔ متبادل کے طور پر، ہم میچ فٹنس اور اسٹریٹجک پلان کو برقرار رکھنے کیلئے کھلاڑیوں کے درمیان اعلیٰ معیار کے مسابقتی مقابلوں سے ان کی تیاری کرانا چاہتے ہیں،کیمپ ایک ماہ کا ہوگا۔ دریں اثنا قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو 15 جون سے کوالالمپور (ملائیشیا) میں شروع ہونے والے نیشنز کپ کے گروپ بی میں رکھا گیا ہے جس میں نیوزی لینڈ، ملائیشیا اور جاپان بھی شامل ہیں، پہلا ہدف سیمی فائنل میں رسائی ہے۔ دیگر ٹیمیں میچز کھیل رہی ہیں ، لیکن ہمیں مالی مشکلات کا سامنا ہے، بین الاقوامی میچز کی کمی کے باوجود ہمارے پاس کچھ مثبت پہلو ہیں۔