• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیریں سندھ میں موسلادھار بارش، طوفانی ہوائیں، کراچی میں بھی بادل برسنے کو تیار

کراچی(این این آئی)زیریں سندھ میں موسلادھار بارشوں اور مٹی کے طوفان سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے ، بجلی کا نظام معطل ہوگیا، درخت اور سائن بورڈز گر گئے ، کراچی میں بھی بادل برسنے کو تیار ہیں ۔ حیدرآباد میں کھمبے، سولر انرجی پینل اڑ گئے،میرپورخاص میں تباہی، شہری اور دیہی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، عوام کی مشکلات میں اضافہ، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخوا، زیریں سندھ اور دیگر علاقوں میں موسلادھار بارشوں نے موسم کو تو خوشگوار کر دیا مگر سندھ میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے۔ تیز ہوائوں اور ژالہ باری کے باعث کئی مقامات پر درخت اور سائن بورڈز گر گئے، جبکہ دیہی علاقوں میں بجلی کا نظام معطل ہو گیا۔گولارچی میں رات بھر چلنے والے مٹی کے شدید طوفان نے شہر کا نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ حدِ نگاہ کم ہو گئی، لوگ گھروں میں محصور ہو گئے اور بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو گئی۔ کئی دیہی علاقوں سے کھمبے گرنے اور چھتیں اڑنے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ حیدرآبادسے بیورو رپورٹ کے مطابق حیدرآباد اور گرد ونواح میں تیز آندھی اور طوفانی ہواوں کے باعث درجنوں درخت، بجلی کے کھمبے، سائین بورڈز،سولر انرجی پینل، ٹرانسفراور چھتیں دیواریں گرگئیں، ٹنڈومحمد خان روڈ پر آندھی سے درجنوں بجلی کے پول گرنے اور تاریں ٹوٹنے کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا،حیسکو کے حیدرآباد کے148فیڈرز میں سے140بند ہوگئے اور شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔میرپورخاص سے نامہ نگار کے مطابق میرپورخاص سمیت زیریں سندھ کے مختلف علاقوں میں گردآلود طوفانی ہواوں نے تباہی مچاکررکھ دی ،متعدد شہری اور دیہی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، نظام زندگی مفلوج ہوگیا،عوام کی مشکلات اور بیماریوں میں اضافہ ہوگیا ۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ آئندہ 24سے 48گھنٹوں کے دوران سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا اور وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ لیکن اسلام آباد میں بارش شروع ہوچکی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔اسلام آباد اور گردونواح میں آندھی، ژالہ باری اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ اتوارکی شام یا رات کے وقت تیز آندھی اور بارش سے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
اہم خبریں سے مزید