• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متروکہ وقف املاک بورڈ کا حیدرآباد اور سکھر میں قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)وفاقی سیکرٹری برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سید عطا الرحمن کی خصوصی ہدایات پر متروکہ وقف املاک بورڈ کراچی نے حیدرآباد اور سکھر میں قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 742 ملین روپے سے زائد مالیت کی قیمتی سرکاری املاک واگزار کروا لیں۔سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال کی زیرِ نگرانی، ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے اپنے عملے کے ہمراہ حیدرآباد میں اسٹیشن روڈ پر واقع 250ملین روپے مالیت کی 47 شاپس اور پھلیلی پارک میں 130 ملین روپے مالیت کی پراپرٹی قابضین سے واگزار کروائی۔اسی طرح ڈسٹرکٹ سکھر میں میانی روڈ اور صرافہ بازار سے 262ملین روپے مالیت کی قیمتی املاک قبضہ مافیا سے خالی کروائی گئیں۔ترجمان بورڈ کے مطابق، آپریشن کے دوران مقامی پولیس اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ز،مقامی پولیس کی معاونت سے کراچی اور حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کی گئیں اور مجموعی طور پر 742ملین مالیت کی پراپرٹی واگزار کروائی گئی تمام پراپرٹیز کو فوری طور پر سیل کر کے ان پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ۔ایڈمنسٹریٹر کراچی آ صف خان کی جانب سے اس کارروائی کی تفصیلی رپورٹ وفاقی حکومت اور ون مین کمیشن کو ارسال کر دی گئی ہے۔سیکرٹری بورڈ فرید اقبال کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں متروکہ وقف املاک پر ناجائز قبضوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا، اور کسی کو ٹرسٹ اراضی پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
اہم خبریں سے مزید