اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کراچی-چمن قومی شاہراہ (N-25) کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر اہم جائزہ اجلاس منگل کے روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 790 کلومیٹر طویل کراچی-چمن شاہراہ کو بہترین معیار کی ایکسپریس وے میں بدلا جائے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی سڑک کی تعمیر کا معیار موٹر وے جیسا ہونا چاہئے،منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کراچی-چمن شاہراہ کی اپ گریڈیشن صوبہ بلوچستان کی سماجی اور معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے انتہائی ضروری ہے ؛ بلوچستان کی ترقی کو ترجیح بناتے ہوئے پچھلے ماہ پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کی بجائے اس بچت کو کراچی-چمن شاہراہ کی اپ گریڈیشن پر صرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔