اسلام آباد (اعزاز سید) محمود خان اچکزئی نے بھارتی سفارتکار کے سر پر ہاتھ رکھ دیا، اسلام آباد میں روسی سفارت خانے میں بھارتی سفارتکار کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار ۔ تفصیلات کے مطابق علامتی لمحے سے بھرپور پاکستان کے تجربہ کار سیاست دان اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی نے اسلام آباد میں ایک سفارتی اجتماع کے دوران پاکستان میں بھارت کی سینئر ترین سفارتکار گیتیکا سریواستو کے سر پر آہستہ سے اپنا ہاتھ رکھا۔ یہ ملاقات روسی سفارت خانے میں ہوئی، جہاں سفیر البرٹ پی۔ خوروف نے دوسری جنگ عظیم میں سوویت یونین کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کی یاد میں ایک استقبالیہ کی میزبانی کی — جسے روس میں عظیم محب وطن جنگ (1941-1945) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس تقریب میں صدر آصف علی زرداری، سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی، قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق، خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی اور فوجی، بیوروکریسی، سفارتی کور اور میڈیا کی دیگر نمایاں شخصیات سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ اپنی گفتگو میں، صدر زرداری نے روسی قیادت کو مبارکباد پیش کی اور ماسکو کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے پاکستان کی آمادگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ روس پہلے ہی بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں ایک تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس دشمنی کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔ ایک بہتر مستقبل صرف بات چیت اور باہمی افہام و تفہیم سے ہی ممکن ہے۔