• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہندوستان کی میڈیا کو پاکستان سے متعلق مواد ہٹانے کی ہدایت

کراچی (رفیق مانگٹ) برطانو ی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق ہندوستان نے تمام میڈیا اسٹریمنگ سروسز کو ہدایت دی ہے کہ وہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے مواد کو فوری طور پر ہٹائیں، اس کی وجہ "قومی سلامتی" کے خدشات کو قرار دیا گیا ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے یہ ہدایت جاری کی، جس میں میڈیا پلیٹ فارمز، انٹرمیڈیریز اور اسٹریمنگ سروسز سے کہا گیا کہ وہ پاکستانی فلموں، ویب سیریز، موسیقی اور پوڈکاسٹس کی دستیابی روک دیں۔ ہندوستان پہلے ہی تمام بڑے اخبارات، نیوز چینلز اور سرکاری ویب سائٹس کو بلاک کر چکا ہے۔ دوسری طرف بھارتی حکومت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹویٹر) نے بھارت میں 8,000سے زائد اکاؤنٹس بلاک کرنا شروع کر دیے ہیں ۔ یہ اقدام آپریشن سندور کے بعد حکومت کی جانب سے جرمانوں اور ملازمین کے قید کے انتباہ پر کیا گیا۔ احکامات میں بین الاقوامی صحافتی تنظیموں اور نمایاں ایکس صارفین کے اکاؤنٹس تک رسائی روکنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ ایکس نے احکامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزادیِ رائے کے خلاف ہے اور شفافیت کے لیے احکامات کو عوامی کرنا ضروری ہے۔ ایکس نے یہ بھی کہا کہ بھارتی حکومت نے یہ واضح نہیں کیا کہ کسی اکاؤنٹ کی کون سی پوسٹس نے بھارت کے مقامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
اہم خبریں سے مزید