واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کا اقدام یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کے پاس بھارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچانے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ اخبار نے خبردار کیا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت جیسی دو ایٹمی طاقتیں آپس میں بات چیت نہ کریں تو یہ صورتحال انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔اداریے میں مزید کہا گیا ہے کہ 1971ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت نے پنجاب میں حملہ کیا، جس کے بعد پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے کئی لڑاکا طیارے اُس کی حدود میں ہی مار گرائے۔ یہ اقدام پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور ڈیٹرنس کا واضح اظہار ہے۔اخبار کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو دونوں ملکوں کے درمیان ثالثی کی کوشش کر رہے ہیں اور زور دے رہے ہیں کہ ڈائیلاگ اور تحمل کا مظاہرہ کیا جائے، حالیہ تشدد کے تناظر میں یہ کوششیں مزید بڑھائی جانی چاہئیں۔اخبار نے کہا کہ بحران کا ایک قابل فہم حل یہ بھی ہو سکتا ہے کہ دونوں فریق فتح کا دعویٰ کریں کیونکہ طیارے تباہ ہونے کی وجہ سے بھارت نے اپنے حملوں کی قیمت چُکا دی ہے۔ اخبار کے مطابق بھارت کا مؤقف ہے کہ اس کے حملے پہلگام واقعہ کا بدلہ تھے۔