• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

8 مئی کو بھارتی چینلز پر گمراہ کن خبروں کا منظم سیلاب آیا، عالمی میڈیا

اسلام آباد (قاسم عباسی )8مئی کو بھارت کے بڑے میڈیا اداروں نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے جھوٹی اور گمراہ کن خبروں کا سیلاب بہا دیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق معروف قومی میڈیا چینلز نے پاکستان کے خلاف ایک منظم گمراہ کن مہم کا آغاز کیا، جس کا مقصد قوم پرستی کے جذبات کو ابھارنا اور پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنا تھا۔ چندبااثر بھارتی شخصیات کی خوداحتسابی کرتے ہوئے خبریں شیئر کرنے پر عوامی معذرت جاری کی ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے TRT گلوبل نے اس مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ8 مئی کی گمراہ کن مہم کسی انٹرنیٹ ٹرول سے نہیں بلکہ بھارت کے بڑے میڈیا نیٹ ورکس سے نکلی، جن کے ناظرین کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ یہ ایک منظم جھوٹ کا سیلاب تھا۔"بین الاقوامی خبر رساں ادارے TRT گلوبل کے مطابق"8 مئی کو چلائی گئی یہ منظم غلط معلوماتی مہم سوشل میڈیا کے ٹرولز سے نہیں بلکہ بھارت کے مین اسٹریم میڈیا چینلز سے آئی جن کی ناظرین میں بہت بڑی رسائی ہے۔ ان کا مقصد قومی جذبات کو بھڑکانا تھا۔"اس گمراہ کن مہم کے خلاف چند بااثر بھارتی شخصیات نے غیر معمولی خوداحتسابی کا مظاہرہ کیا۔ معروف بھارتی مصنف بسنّت مہیشوری، جن کے لاکھوں فالوورز ہیں، نے عوامی معذرت کرتے ہوئے کہا: "میں نے آج تک کبھی اپنے ٹویٹس ڈیلیٹ نہیں کیے، لیکن آج میں وہ تمام ٹویٹس ڈیلیٹ کر رہا ہوں جو میں نے بھارتی میڈیا چینلز کی غیر مصدقہ خبروں کی بنیاد پر کیے۔ مجھے افسوس ٹویٹ کرنے پر نہیں بلکہ اس بات پر ہے کہ میں نے ان میڈیا چینلز کی باتوں پر یقین کیا!"آئیے دیکھتے ہیں کہ بھارتی میڈیا نے جمعرات (گزشتہ روز) کن جھوٹوں اور مضحکہ خیز دعوؤں کو نشر کیا۔بدھ کے روز، بھارتی چینل DNA نے اپنے آفیشل X (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر یہ جھوٹا دعویٰ کیا: "بھارت نے پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد پر حملہ کر دیا!" بعد میں یہ پوسٹ بغیر کسی وضاحت کے ہٹا دی گئی۔کچھ ہی دیر بعد زی نیوز نے یہ دعویٰ دُہرا دیا کہ: "پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد فتح کر لیا گیا ہے!"یہ سنسنی خیزی یہاں نہیں رکی۔ آج تک نے اپنے اسٹوڈیو میں بیٹھ کر کراچی بندرگاہ پر فوجی حملے کی جھوٹی کاروائی کو براہ راست نشر کیا، گویا کہ وہ کسی اصلی جنگ کی لائیو رپورٹنگ کر رہے ہوں۔انڈیا ٹوڈے نے بھی اپنی مہم میں حصہ ڈالتے ہوئے لاہور اور کراچی پر بھارتی حملے کا دعویٰ کیا۔ٹائمز ناؤ بھارت نے اس ڈرامے کو مزید بڑھاتے ہوئے اسٹوڈیو میں ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کو بٹھا کر جھوٹے بیانیے کو سچ کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ ایک بین الاقوامی نیوز ایجنسی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا"یہ ڈرامائی مناظر اس قدر مبالغہ آمیز تھے کہ عوامی سطح پر تمسخر اور تشویش دونوں کا باعث بنے۔"سب سے زیادہ شرمناک جھوٹ بھارتی چینل ABP نیوز کا تھا، جس نے دعویٰ کیا کہ: "پاکستانی آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔"زی نیوز نے حد ہی کر دی جب اس نے گرافکس کے ذریعے دعویٰ کیا کہ "پاکستانی فوج نے بھارتی فوج کے سامنے متعدد بڑے شہروں کے قبضے کے بعد ہتھیار ڈال دیے ہیں!"اسی دوران، ایک ہی اسکرین پر وزیرِاعظم شہباز شریف کو کبھی بنکر میں چھپتے ہوئے اور کبھی بھارتی فوج کے سامنے ہتھیار ڈالتے ہوئے دکھایا گیا، گویا دونوں مناظر ایک ہی وقت میں ہو رہے ہوں۔
اہم خبریں سے مزید