کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کا بحران پیپلز پارٹی کی مسلط کردہ آبی جارحیت ہے، جماعت اسلامی پانی کی عدم فراہمی کے خلاف جمعہ 16مئی کو شہر کی 13اہم شاہراؤں اور مقامات پر بھر پور احتجاج کرے گی، حکومتی سرپرستی میں شہر مین ٹینکر مافیا کا راج ہے، پیپلز پارٹی 17سال سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے اور کراچی کے اداروں اور وسائل پر اس کا قبضہ ، ہر ادارے سے کراچی کا نام کھرچ کھرچ کر نکال رہی ہے، اندرون سندھ سے لاکر لوگوں کو بھرتی کیا جا رہا ہے، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ساتھ بھی یہ ہی کیا جارہا ہے، پولیس کے محکمے میں بھی کراچی کے مقامی باشندے نہ ہونے کے برابر ہیں اس وجہ سے شہر میں امن و امان اور مسلح ڈکیتی کی وارداتوں کے حوالے سے صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے۔