اسلام آباد ( خالد مصطفیٰ) پیٹرولیم ڈویژن نےایک نئی پیش رفت میں جنوبی آئل فیلڈ سے اٹک ریفائنری لمیٹڈ کو 5000 بیرل یومیہ خام تیل کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم پیٹرولیم ڈویژن نے اس سلسلے میں ای سی سی کو ایک سمری ارسال کی جو منگل کے اجلاس میں اس معاملے پر غور نہ کر سکی۔ اب ای سی سی اپنے اگلے اجلاس میں اس مسئلے پر غور کرے گی۔سمری کے مطابق حکومت اٹک ریفائنری لمیٹڈ کے لیے سندھ میں واقع نعمت فیلڈ سے اے آر ایل، راولپنڈی تک کنڈینسیٹ (خام تیل) کی نقل و حمل کی مالیت 1490روپے فی بیرل مقرر کرنے کا امکان ہے۔اٹک ریفائنری لمیٹڈ (اے آر ایل) نے اس سے قبل نعمت فیلڈ سے 5000بیرل یومیہ خام تیل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی درخواست کی تھی، جو کہ یونائیٹڈ انرجی پاکستان (یو ای پی) کا ایک جنوبی آئل فیلڈ ہے اور پہلے ہی اسے مختص کیا جا چکا ہے اور فروری 2024میں ای سی سی نے مسلح افواج کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیز رفتار ڈیزل (ایچ ایس ڈی) اور جیٹ فیول (جے پی-18) کی زیادہ پیداوار کے لیے اس کی منظوری دی تھی۔