کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملتان سلطانز 9میں سے8میچ ہارنے کے بعد پی ایس ایل پلے آف سے باہر ہوچکی ہے۔کپتان محمد رضوان کی خواہش ہے کہ ملتان سلطانز آخری میچ جیت کر پی ایس ایل ٹین کا اختتام کرے۔ملتان سلطانز اتوار کے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف مدمقابل ہوگی۔ ملتان سلطانز نے اس میچ کے لیے اپنے اسکواڈ میں دو غیرملکی کھلاڑیوں کے علاوہ اپنی ڈیولپمنٹ ٹیم جے ڈی ڈبلیو کے پانچ کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا ہے۔محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز سے جو توقعات وابستہ کی گئی تھیں وہ پوری نہیں ہوسکیں لیکن اب ہم کوشش کریں گے کہ یہ آخری میچ جیتیں۔رضوان کو امید ہے کہ اس آخری میچ سے چند اچھے نوجوان کھلاڑی سامنے آئیں گے ۔ملتان سلطانز نے اپنے آخری میچ کے لیے جس پندرہ رکنی اسکواڈ کو حتمی شکل دی ہے اس میں دلشن مادوشانکا اور آسٹریلیا کےاسپنر پیٹر ہیٹزوگلو شامل ہیں۔