• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت بلاول کی موثر سفارت کاری سے گھبرایا ہوا ہے، شیری رحمان

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ بھارت بلاول کی موثر سفارت کاری سے گھبرایا ہوا ہے، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ اس پر حملہ چین نے کیا تو وہ چین پر حملہ کیوں نہیں کرتا؟،میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس تنازعے کو چین کے ساتھ جوڑ کر امریکہ سے جدید اسلحہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ چین ہمارا دیرینہ دوست ہے جبکہ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ سب پر عیاں ہے۔ بھارت بلاول بھٹو کی عالمی سطح پر موثر سفارت کاری سے گھبرایا ہوا ہے ان کی قیادت پر ایمبسیڈرز اور عوام بھی مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادی کے بل پر پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے اور یہ مذہب کے خلاف نہیں، قائداعظم نے بھی 1929 میں اس مسئلے پر بات کی تھی۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ اس پر حملہ چین نے کیا تو وہ چین پر حملہ کیوں نہیں کرتا؟ پہلے ہی چین کے ہاتھوں ذلت اٹھا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اصل میں اپنی سبکی چھپانے میں لگا ہے اور اب بھی بہتر یہی ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئے تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید