پشین(نمائندہ جنگ) بوستان میں نامعلوم افراد نے ایک بس سروس کی کوچ کو ڈرائیور اور کلینرز سمیت مبینہ طور پر اغوا کرلیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نے اسے لین دین کا تنازع قرار دیا۔ بس کوئٹہ سے تونسہ جا رہی تھی ، مسلح افراد مسافروں کو چھوڑ گئے،اےسی کاریزات نے بتایا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائیگا، ذرائع کے مطابق بوستان کلی قاسم کے ساتھ واقع جمشید ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح آفراد نے ایک کمپنی کی بس جو کوئٹہ سے تونسہ چوک اعظم کیلئے جارہی تھی کو اسلحہ کے زور پر ڈرائیور سمیت اغواء کرکے لے گئے۔دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر کاریزات امیر حمزہ نے بتایا کہ کاریزات کی حدود بوستان کے علاقے میں مسافر بس کو اغواء نہیں کیا گیا ہے بلکہ دو ڈرائیوروں اور مسافر بس کو لین دین کے تنازع پر لے جایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ مسافر بس اور ڈرائیوروں کی بازیابی کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔