• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی محکمۂ ٹیکس کے بڑے اسکینڈل میں 1 لاکھ ٹیکس اکاؤنٹس ہیک، 47 ملین پاؤنڈ کا نقصان

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

برطانوی ٹیکس محکمے (ایچ ایم آر سی) کو ایک بڑے فشنگ اسکیم کا سامنا ہے جس میں تقریباً 1 لاکھ شہریوں کے ٹیکس اکاؤنٹس ہیک ہو گئے۔

 محکمے کے مطابق اس اسکیم سے 47 ملین پاؤنڈ کا نقصان ہوا ہے، ہیکرز نے لوگوں سے جعلی ای میلز اور پیغامات بھیج کر ان کا ذاتی ڈیٹا چوری کیا۔

اس ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے انہوں نے ٹیکس ریفنڈ حاصل کرنے کی کوشش کی، تقریباً 1 لاکھ افراد کے اکاؤنٹس متاثر ہوئے ہیں تاہم ایچ ایم آر سی کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کو کوئی مالی نقصان نہیں ہو گا، تمام خطرناک اکاؤنٹس کو لاک کر دیا گیا ہے، محکمہ متاثرہ افراد کو خطوط بھیج رہا ہے۔

ایچ ایم آر سی نے تمام مشکوک اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں، غلط معلومات کو ٹیکس ریکارڈ سے ہٹا دیا گیا ہے، قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

ڈپٹی چیف ایچ ایم آر سی اینجیلا میک ڈونلڈ کا کہنا ہے کہ یہ کوئی سائبر حملہ نہیں تھا، بلکہ مجرموں نے فشنگ کے ذریعے ڈیٹا حاصل کیا، ہم نے اس سال ٹیکس دہندگان کے 1.9 ارب پاؤنڈ کو بچانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

متاثرہ افراد کے لیے ہدایات:

اگر آپ کو ایچ ایم آر سی کی طرف سے خط موصول ہو تو فوری طور پر کارروائی کریں، کسی بھی مشکوک ای میل یا پیغام پر کلک نہ کریں، اپنے ٹیکس اکاؤنٹ کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔

ایچ ایم آر سی کے مطابق تمام متاثرہ افراد کو اگلے 3 ہفتوں میں خطوط موصول ہو جائیں گے۔

محکمے نے یقین دلایا ہے کہ اس واقعے میں کسی بھی شہری کو مالی نقصان نہیں ہو گا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید