راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) عیدالاضحی پر عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے والوں نے دفعہ 144 کے نفاذ کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دیں۔انتظامیہ ان کو روکنے میں بے بس نظر آئی ۔عید کے تینوں دن سرشام سڑکوں ،گلی محلوں میں سری پائے بھوننے والے اپنے سازوسامان کے ساتھ ڈیرے جما لیتے تھے جس کے باعث سارے علاقے میں بدبو اور گندگی کا راج نظر آتا رہا۔ہائی کورٹ روڈ پر صورتحال سب سے بدتر رہی۔قیمہ بنانے والی مشینیں اور سری پائے بھوننے والے شام سے رات گے تک کاروبار کرتے رہے۔ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے عیدالاضحی پر دفعہ 144کے تحت سر ی پائے سڑکوں پر بھوننے پر پابندی لگا رکھی تھی۔ ادھر راولپنڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی طرف سے گندگی والے کنٹینرز اور بازاروں کو فرنائل سے دھونے اور عرق گلاب کے چھڑکائو کا کام بھی دعوئوں کی حد تک رہا۔گندگی اور تعفن کے باعث کوڑے والے کنٹینرز کے پاس کھڑا ہونا بھی ممکن نہ تھا۔کئی جگہوں پر چونا بھی پھینکا گیالیکن دھلائی اور عرق کا چھڑکائو نہ ہونے کے برابر رہا۔ آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے لاکھوں بائیو ڈی گریڈایبل تقسیم کرنے کے دعووں کے باوجود کہیں تھیلوں کا استعمال نظر نہیں آیا۔