ملتان(سٹاف رپورٹر)خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی نے کہا ہے کہ مثبت جذبے اور تبدیلی کی خواہش کے ساتھ کام کیا جائے تو کامیابی ہمیشہ قدم چومتی ہے۔ بطور خاتون محتسب اپنے چار سالہ دور کے اختتام پر ضمیر مطمئن ہے کہ میں نے خواتین کے حقوق کے لئے بساط سے بڑھ کر کام کیا ہے۔ وہ یونیورسٹی لاءکالج ملتان میں منعقدہ نیشنل سول سوسائٹی کنونشن 2025ءسے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ چار سال کے دوران 4650 ہراسمنٹ کی شکایات موصول ہوئیں جن میں سے صرف 50اس وقت زیرِ تفتیش ہیں ،چارسال کے دوران 1200ارب روپے کی وراثتی جائیداد خواتین کو دلوائی، انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور خواتین کی بنیادی حقوق تک رسائی کے لئے سول سوسائٹی کا کردار بے حد اہم ہے، لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبدالصبور نے کہا کہ نبیلہ حاکم علی کا چار سالہ دور مظلوم خواتین کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چیئرپرسن ہراسمنٹ کمیٹی زکریا یونیورسٹی ڈاکٹر روما نے کہا کہ خواتین کے وقار کی بحالی اور انہیں معاشرے میں جائز مقام دلوانے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا دریں اثنا سدرن ڈیولپمنٹ کنسورشیم کے زیرِ اہتمام سول سوسائٹی کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی پالیسیوں اور حکمتِ عملیوں میں مقامی کمیونٹیز اور سماجی ڈھانچوں کی آواز کو ترجیح دی جائے۔ کنونشن سے خطاب میں صوبائی محتسب پنجاب نبیلہ حاکم نے خواتین کے وراثتی حقوق کو یقینی بنانے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے سول سوسائٹی کے ساتھ قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔