ملتان (سٹاف رپورٹر) بھٹہ مزدوروں کے حقوق کیلئے سرگرم سماجی تنظیم سپارک کے زیر اہتمام یوم مزدور کے موقع پر ملتان پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی،ریلی کی قیادت سپارک ملتان کے پروجیکٹ منیجر خرم شہزاد نے کی، ریلی میں سماجی و سیاسی رہنمائوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹہ مزدور آج بھی بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، انہیں مناسب اجرت، صحت کی سہولتیں، تعلیم اور محفوظ ماحول میسر نہیں، جو کہ ایک فلاحی ریاست کے لیے لمحۂ فکریہ ہے، ریلی کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مزدوروں کے حقوق کے حوالے سے مختلف نعرے درج تھے،شرکانے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کم از کم اجرت کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور مزدوروں کے استحصال کا فوری نوٹس لیا جائے۔