• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بینظیر بھٹو ایک نظریہ اور جدوجہد، ہر مظلوم کی امید تھیں، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاستدان نہیں، ایک نظریہ، ایک جدوجہد، اور ہر مظلوم کی امید تھیں۔ یہ بات انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی مناسبت سے وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری پیغام میں کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ آج عظیم رہنما، قائد جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا یومِ پیدائش ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاستدان نہیں، ایک نظریہ، ایک جدوجہد، اور ہر مظلوم کی امید تھیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میری سیاسی تربیت محترمہ بینظیر بھٹونے خود کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی جان دے کر ملک میں جمہوریت کی بحالی ممکن بنائی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پولیو کے خلاف مہم کا آغاز محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی بیٹی آصفہ کو قطرے پلا کر خود کیا۔ آج ہمیں ان کی قیادت، قربانیوں اور مشن کو یاد کرنے اور اپنانے کا دن ہے۔وزیراعلیٰ نے عزم کا اظہار کیا کہ ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ ان کا خواب ایک ترقی یافتہ، بااختیار اور جمہوری پاکستان تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ صرف جشن کا نہیں بلکہ عوامی فلاح، صحت، تعلیم اور اتحاد کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔بعد ازاں سندھ اسمبلی میںمیڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے محترمہ شہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ ضلعی سطح پر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ پورے ملک میں عقیدت اور احترام سے منائی جائے گی، جبکہ سندھ اسمبلی میں بھی ان کی یاد میں سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا۔ بعد ازاں، سندھ اسمبلی میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ عقیدت اور احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، اور سینئر رہنما نثار کھوڑو نے خصوصی طور پر شرکت کی اور سالگرہ کا کیک کاٹا۔ سالگرہ کی تقریب میں سندھ اسمبلی کے اسپیکراور تمام اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر "ہیپی برتھ ڈے محترمہ شہید بینظیر بھٹو" کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ محترمہ شہید بینظیر بھٹو صرف ایک سیاستدان نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک مشعلِ راہ اور جمہوریت کی علامت تھیں۔

اہم خبریں سے مزید