• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ، اسرائیل پر برہم، اپنے پائلٹس واپس بلائے، ایران پر ہرگز بم مت گرانا، امریکی صدر، جنگ بندی نافذالعمل

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےجنگ بندی کی خلاف ورزی پر اسرائیل پر اظہار برہمی کیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور ایران، دونوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا اور اسرائیل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے فوراً بعد بمباری شروع کر دی، اسرائیل اپنے پائلٹس کو واپس بلائے، ایران پر بمباری کی گئی تو یہ جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے سنگین غلطی کی ، ایران اب ایٹم بم نہیں بناسکے گا، ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر حملوں کا مقصد وہاں ریجیم چینج نہیں تھا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران دونوں نے اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جس کا انہوں نے چند گھنٹے قبل ہی اعلان کیا تھی۔برطانوی نیوز ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے بالخصوص اسرائیل سمیت دونوں ممالک پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔نیٹو سربراہی اجلاس کے لیے دی ہیگ روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’اسرائیل نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے فوراً بعد بمباری شروع کر دی‘۔امریکی صدر نے کہا کہ ’میں ایران سے بھی خوش نہیں ہوں لیکن اسرائیل سے شدید ناراض ہوں‘۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز کہا کہ اسرائیل کو اب پرسکون ہونا پڑے گا، جب کہ انہوں نے اعتراف کیا کہ ایران اور اسرائیل دونوں نے اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے جسے وہ کروانے کی کوشش کر رہے تھے۔وائٹ ہاؤس سے روانگی کے وقت ٹرمپ نے کہاکہ ’اب مجھے اسرائیل کو پرسکون کرنا ہے، جیسے ہی ہم نے معاہدہ کیا، اسرائیل سامنے آیا اور بموں کی ایسی بارش کی جو میں نے اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی، یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ تھا‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے پاس بنیادی طور پر دو ممالک ہیں جو اتنے عرصے سے اور اتنی شدت سے لڑ رہے ہیں کہ اب وہ جانتے ہی نہیں کہ آخر وہ کر کیا رہے ہیں‘۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو نے ایران کیخلاف فتح کا اعلان کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا ملک کبھی بھی ایران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں د ے گا ۔

اہم خبریں سے مزید