اسلام آباد (ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ میں پاکستان کی فتح کو تین طرح سے مانتا ہوں،نئی نسل امن چاہتی ہے، بھارت سے جنگ بندی کا مطلب مذاکرات تھے،اصولی طور پر بھارت کو ڈائیلاگ کرنا چاہئے،امریکا کی کوشش ہے کہ جنگ بندی پر بھارت قائم رہے، بھارت صدر ٹرمپ کی امن کی کوشش ناکام کرنا چاہتا ہے،مودی ایک زمانے میں گجرات کا قصائی تھا پھر کشمیر کا بن گیا اور اب وادی سندھ کی تہذیب کا قصائی بننا چاہتا ہے،پاک فوج نے بھارت کی بڑی فوج کو شکست دی ،سفارتی سطح پر تاریخی کردار ادا کیا، پاکستان نے اپنے بیانیے میں تاریخی فتح حاصل کی،بھارت پانی بند کرنے کی دھمکی دیتا ہے،یہ یواین چارٹر کی خلاف ورزی ہے ، اگر پانی بند کیا تو پھر جنگ ہو گی اور ہم پہلے کی طرح جیتیں گے ، مودی ایک زمانے میں گجرات کا قصائی تھا پھر کشمیر کا قصائی بن گیا اور اب وادی سندھ کی تہذیب کا قصائی بننا چاہتا ہے،جمعہ کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں نے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر بھارت کو شکست دی ، میڈیا کا کردار تاریخی ہے ،میڈیا نے مشکلات کے باوجود پاکستان کا بیانیہ دنیا کے سامنے پیش کیا ہمیں نوجوانوں پر فخر ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے صحیح وقت پر صحیح فیصلہ لیا، وزیراعظم نے کہا پاکستان بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کے لیے تیار ہے ، ہمارے ہاتھ صاف ہیں ، بھارت نے کسی کے ساتھ اپنی معلومات ہی شیئر نہیں کیں، بھارت نے جنگ کے دوران نہ صرف میڈیا کے ذریعے بلکہ سفارتکاری ہاٹ لائن کے ذریعے بھی جھوٹ پھیلایا۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی، پاکستان نے دنیا کے سامنے اپنا بیانیہ بہترین انداز میں رکھا ، ہم دنیا میں امن چاہتے ہیں، بھارت تو یہ بات کر رہا تھا کہ پاکستان دہشتگرد ہے لیکن دنیا نے اس کے اس بیانیے کو یکسر مسترد کر دیا۔ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ بھارتی عوام کی بھی بات کر رہے ہیں ، نسل در نسل ہم نہیں چاہتے نفرتیں پھیلتی رہیں، نئی نسل بھارت کے نفرت کے پیغام کو پسند نہیں کرے گی، مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، اگر دو ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ چھڑ گئی تو دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہو گا ، بھارت کی سازش تھی کہ پاکستان کو ایک دہشتگرد ملک بتایا جائے ، ہم نے اس کی سازش کو ناکام بنایا، ہم نے فیٹف کی گرے لسٹ کو وائٹ کر دیا ، بھارت ہر محاذ پر ناکام ہوا ۔ اس کے بعد امریکا کا صدر ہمارے فیلڈ مارشل کو کھانے کی دعوت دیتا ہے یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے،انہوں نے کہا کہ انڈس واٹر ٹریٹی کو بھارت یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا،حقیقت یہ ہے کہ بھارت کو اندازہ نہیں تھا پاکستان کا سخت جواب ہوگا اور بھارت نے جہاز نہیں اڑائے کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ ان کے جہاز گرا دیئے جائیں گے، اگر مودی یہ کہتا ہے کہ بھارت نے جنگ بندی کی خواہش نہیں کی تو ہ صرف ایک دفعہ یہ کہہ دے کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی عوام پر ظلم کر رہا ہے جسے فوری طور پر روکنا چاہیے، پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا۔