• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابی کے قریب، بھارت جان بوجھ کر کشیدگی پیدا کررہا ہے، فیلڈ مارشل

کراچی(محمد منصف ، نیوز ایجنسیاں )فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے قریب ہے ، بھارت جان بوجھ کر کشیدگی پیدا کررہا ہے ، معرکہ حق انڈیا کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہو گا، کسی بھی قیمت پر اپنی دھرتی کے تحفظ کیلئے تیار ہیں، دوبارہ حملہ کیا تو بلا جھجک جواب دیا جائے گا، بھارت اپنی فوجی طاقت، قوم پرستی اور جعلی اسٹریٹجک اہمیت سے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے،دشمن کا ہماری خود مختاری کو چیلنج کرنا خطے کیلئے خطرناک ہو سکتا ہے،خطے میں مستحکم امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ناممکن ہے، ترقی کیلئے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط تعلق ناگزیر ہے، ان خیالات کا اظہار آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ہفتہ کو کراچی میں پاکستان نیوی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے دوست ملک کے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بحرین، عراق، ریاستِ فلسطین، جمہوریہ جبوتی اور جمہوریہ ترکیہ کے کیڈٹس کی کمیشننگ پریڈ میں موجودگی پاکستان نیول اکیڈمی کے اعلیٰ تربیتی معیارکی مظہر ہے۔ ہفتہ کو پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں شاندار بحری روایات کی عکاسی کرتی 123ویں مڈشپ مین اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ پریڈ منعقد ہوئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔نیول اکیڈمی آمد پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔123 ویں مڈشپ مین اور 31 ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کمیشننگ ٹرم میں 127 مڈشپ مین شامل تھے جن میں بحرین کے 19، عراق کے 4 اور فلسطین کے 2 مڈشپ مین موجود تھے۔شارٹ سروس کمیشن کورس کے 23 کیڈٹس بھی کمیشننگ ٹرم کا حصہ تھے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر خطاب کرتےہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، حقِ خودارادیت کے حصول میں کشمیری عوام کے ساتھ ہیں، خطے میں مستحکم امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ناممکن ہے، ہمارا دشمن متکبرانہ اور جارحانہ رویے کا مسلسل مظاہرہ کر رہا ہے۔آرمی چیف نے کہاکہ گزشتہ چند برسوں میں بھارت نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے بہانے دو مرتبہ پاکستان پر بلاوجہ حملے کئے، پاکستان کے بھرپور اور موثر جواب نے خطے کو ایک بڑے تنازع سے بچایا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود صبر و تحمل اور ذمے داری کا مظاہرہ کیا، امن کو ترجیح دی، آج پاکستان خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر جانا جاتا ہے، اگر دشمن سمجھتا ہے کہ پاکستان خودمختاری پر حملے کو برداشت کرے گا تو یہ ایک خطرناک غلط فہمی ہو گی۔آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرتا ہے تو نتائج کی ذمے داری اسی پر ہو گی، دشمن ہماری خود مختاری کو چیلنج کرتا ہے تو یہ پورے خطے کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے، پاکستان ہر حال میں اپنی خود مختاری اور قومی مفادات کا دفاع کرے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی خود مختاری پر کسی قسم کی جھجک نہیں دکھائے گا، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سورہ بقرہ کی آیت 249 کا حوالہ بھی دیا۔آرمی چیف نے کہا کہ ہمارا قومی جذبہ آزمائشوں کے دوران اور بھی مضبوط ہوا ہے، آج ہم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور پرعزم ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ میں کامیابی کے قریب ہے۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت جان بوجھ کر خطے میں کشیدگی پیدا کر رہا ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ کو مکمل کامیابی تک پہنچائیں گے، ملک کو دہشت گردی سے ہمیشہ کے لیے نجات دلائیں گے، ایسے وقت میں ہمیں کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیے۔

اہم خبریں سے مزید