کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے 77 سال بعد عزت و وقار سے نوازا، یہ ملک کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا، جس میں جذبہ شہادت اور جہاد شامل ہے، یہی جذبہ ہماری مسلح افواج میں بھی موجود ہے، دشمن بھارت اپنے زخم چاٹ رہا ہے اور عاشورہ کے موقع پر بدلہ لینے کی کوشش کر سکتا ہے، لیکن ہم ہر سطح پر چوکنا اور تیار ہیں، ان خیالات کااظہار انہوں نےگورنر ہاؤس میں علماء کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ کربلا کا واقعہ ہر مسلمان کو جذباتی کر دیتا ہے، محرم کا احترام فرض ہے، کیونکہ یہی مہینہ ہمیں اتحاد، صبر اور قربانی کا سبق دیتا ہے،کامران ٹیسوری نے کہا کہ بچپن سے دیکھتے آئے ہیں کہ اہلِ سنت حضرات اہلِ تشیع کے جلوسوں میں سبیلیں لگاتے تھے، میں نے خود بھی سبیلیں لگائیں۔ آج اس ٹیبل پر بیٹھا ہر فرد اللہ اور رسول ﷺ اور قرآن پر ایمان رکھتا ہے، اور ان تین باتوں پر ہمارا کوئی اختلاف نہیں، باقی سب چیزیں معمولی ہیں، جنہیں ہوا دے کر اسلام دشمن عناصر فائدہ اٹھاتے ہیں ، انہوں نے بتایا کہ عاشورہ کے موقع پر گورنر ہاؤس میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے جس کا نمبر 1366 ہوگا، یہ کنٹرول روم قانون نافذ کرنے والے اداروں سے منسلک رہے گا، اور عوام بھی اپنی شکایات براہ راست درج کراسکیں گے،سیل کی نگرانی براہ راست آئی جیز اور ڈی آئی جیز سے رابطے کے ذریعے کی جائے گی،انہوں نے ایران کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اسلام کے دفاع کی جنگ لڑی، اور آج فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا بھی جہاد ہےاگر کچھ نہیں کر سکتے تو کم از کم آواز ضرور بلند کریں۔