گلگت(آئی این پی ) گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، جس کے باعث دریائوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے۔ کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں، جب کہ متاثرہ علاقوں میں مقامی افراد اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ضلع غذر کی تحصیل یاسین میں پانی کے شدید کٹا ئوکے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق پل اور سڑکیں شدید متاثر ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے نہ صرف آمد و رفت رک گئی ہے بلکہ ہنگامی امدادی سرگرمیوں میں بھی خلل پیدا ہو رہا ہے۔گلگت بلتستان کے مختلف سیاحتی علاقوں میں موجود ملکی و غیر ملکی سیاح بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔ بعض مقامات پر ہوٹلوں تک رسائی ممکن نہیں رہی، اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل جولائی اور اگست میں مزید تیز ہو سکتا ہے، جس سے فلیش فلڈ (اچانک آنے والے سیلاب) کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کی گئی ہیں، جبکہ بعض خطرناک مقامات سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔