اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان اور بھارت نے منگل کو سفارتی ذرائع سے ایک دوسرے کی حراست میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا، 246 بھارتی اور 463پاکستانی قیدیوں کی فہرست ایک دوسرے کے کمیشن کے حوالے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فہرستوں کا تبادلہ قونصلر رسائی 2008 کے معاہدے کے تحت ہوا، معاہدے کے مطابق دونوں فریقین ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی تحویل میں قیدیوں کی فہرستیں فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان نے 246 بھارتی قیدیوں (53 شہری قیدیوں اور 193 ماہی گیروں) کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی۔ اس کے ساتھ ہی بھارتی حکومت نے 463 پاکستانی یا مانے جانے والے پاکستانی قیدیوں (382 سویلین قیدیوں اور 81 ماہی گیروں) کی فہرست نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کے ایک سفارت کار کے ساتھ شیئر کی۔