کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور میں پاکستان سپر لیگ انتظامیہ اور اسٹیک ہولڈرز میٹنگ میں کئی معاملات پر غور کیا گیا۔ پی ایس ایل ٹین زبردست مقبولیت کے ساتھ ختم ہوا۔ لاہور قلندز نے پسندیدگی کے ریکارڈ قائم کردیے۔ ایم ڈی سلمان نصیر کی زیر قیادت پی ایس ایل انتظامیہ کی اسٹیک ہولڈرز سے میٹنگ میں فرنچائزز، اسپانسرز اور کمرشل پارٹنرز شریک ہوئے۔ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی ایسے وقت میں دیکھنے میں آئی جبکہ جنگ کی وجہ سے ٹورنامنٹ روکا گیا اور پڑوسی ملک میں بھی لیگ ہورہی تھی۔ لاہور میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پی ایس ایل 10کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ فائنل رہا ۔ پی ایس ایل 10 میں سب سے زیادہ لاہور قلندرز کی میچ ویورشپ ایک اعشاریہ چار بلین رہی۔ پی ایس ایل ٹین میں پشاور زلمی سب سے مقبول ٹیم رہی جبکہ مجموعی طور پر لاہور قلندرز کو سبقت حاصل رہی۔گزشتہ سیزن کے مقابلے میں براڈ کاسٹ ویورشپ کئی گنا زیادہ رہی ۔پی ایس ایل 10 کی اوسط ٹی وی ریٹنگ آٹھ اعشاریہ پانچ فیصد رہی ۔ پی ایس ایل 9 کے مقابلے میں لائیو اسٹریمنگ 647 فیصد زیادہ ہوئی ۔پی ایس ایل 9میں لائیو اسٹریمنگ 455ملین رہی ۔پی ایس ایل 10 میں تین اعشاریہ چار بلین لائیو اسٹریمنگ ویوز آئے۔ شہری علاقوں میں لائیو اسٹریمنگ 53 فیصد اور دیہی علاقوں میں 47فیصد رہی۔ لائیو اسٹریمنگ میں مردوں کا تناسب 67فیصد اور خواتین کا تناسب 33 فیصد رہا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق اجلاس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ آگے بڑھنے والی ٹیموں کے اضافے کے ذریعے توسیع کا موقع موجود ہے۔ توقع ہے کہ اگلے سال دو نئی ٹیمیں شریک ہوں گی جبکہ موجودہ چھ فرنچائز کے پاس نئے معاہدے کے مطابق پی ایس ایل کو جاری یا ٹیم چھوڑنے کا اختیار موجود ہے۔ اجلاس میں پی ایس ایل کی 10 سالہ گروتھ کا ڈیٹا پیش کیا گیا۔ پی ایس ایل 9 اور 10 کے اعداد و شمار کا موازنہ بھی کیا گیا۔ چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل امید اور یکجہتی کی علامت ہے۔ فرنچائز مالکان، ا سپانسرز، سیکیورٹی اداروں اور مداحوں کا شکریہ، پی ایس ایل کو مزید مضبوط اور عالمی سطح پر فعال بنائیں گے، سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل ٹین صرف ایک ایڈیشن نہیں بلکہ ایک جشن تھا۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ نے اسٹیک ہولڈرز کو مختلف معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کوپی ایس ایل 10 سے 50 کروڑ سے زائد کی گیٹ منی حاصل ہوئی ۔ اس ہفتے ٹیموں کی ویلیو ایشن کے لیے ٹینڈر جاری کر دیا جائے گا ، مستقبل کے لائحہ عمل کے لئے گورننگ کونسل کی میٹنگ جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔