باجوڑ / پشاور(نمائندہ جنگ / ایجنسیاں/ جنگ نیوز)باجوڑ کی تحصیل خار علاقہ صدیق آباد میں بم دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر ، تحصیلدار اور2پولیس اہلکاروںسمیت 5 افراد جان بحق جبکہ 16افراد زخمی ہوگئے، صدر اور وزیراعظم کا اظہار مذمتاسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل کی گاڑی پر اس وقت بم دھماکہ ہوا جب وہ ناوگئی سے ہیڈ کواٹر خار آرہے تھے، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آواز دور دور تک سنائی دی، شہید وں میں 2پولیس اہلکاربھی شامل ،۔ چار زخمیوں کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے پولیس کے سب انسپکٹر نور حکیم مزید علاج کیلئے پشاور منتقل کئے جارہے تھے کہ راستے میں ہی چل بسے۔ بدھ کے روز تقریبا دوپہر 2 بجے تحصیل خار کے علاقے صدیق آباد پھاٹک میں ناوگئی روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل کی گاڑی پر اس وقت بم دھماکہ ہوا جب وہ ناوگئی سے ہیڈ کواٹر خار آرہے تھے۔ بم دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ بم دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل ، تحصیلدار ناوگئی عبدالوکیل خان ، پولیس اہلکار زاہد اور ایک راہگیر فضل منان شہید ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں کانسٹیبل ایاز ، کانسٹیبل محمد زمین ، کانسٹیبل سید الرحمن ، کانسٹیبل فضل حق جبکہ زخمی ہونے والے سول افراد میں وقار خان ، حیات اللہ ، عمر ، عرفان ، عبدالصمد ، جمیل ، فضل بادشاہ ، زیر گل ، فضل حکیم ، بلال ، عطا اللہ ، ظاہر کے نام شامل ہیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ ، ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیاں شروع کی ۔