لاہور(خالدمحمودخالد) ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) T20 لیگ کا دوسرا ایڈیشن 18جولائی سے برطانیہ میں شروع ہورہا ہے جس میں مجموعی طور پر 18 میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ کرکٹرز اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوگا۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلہ 20 جولائی کوایجبسٹن میں ہوگا۔ دونوں ملکوں کے لیجنڈ کرکٹرز کھلاڑی حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد پہلی بار ایک دوسرے کے خلاف کرکٹ میچ میں آمنے سامنے آرہے ہیں۔ اس میں دونوں ممالک کے کئی تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں جس میں بھارتی ٹیم کی طرف سے یوراج سنگھ کپتان ہوں گے میچ میں بھارت کی طرف سے ونے کمار، ہربھجن سنگھ، پارتھیو پٹیل، یوسف پٹھان، سریش رائنا، نمن اوجھا، مناف پٹیل، ریتیندر سوڈھی، آر پی سنگھ، اشوک ڈنڈا، عرفان پٹھان، محمد کیف، رابن اتھپا اور پرگیان اوجھا حصہ لیں گے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان یونس خان ہوں گے جب باقی کھلاڑیوں میں کامران اکمل، سلمان بٹ، شعیب ملک، وہاب ریاض، محمد عامر، عبدالرزاق، یاسر عرفات، مصباح الحق، سہیل تنویر، سعید اجمل، عمران نذیر، عمر گل، محمد حفیظ اور شاہد آفریدی شامل ہیں۔