• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

CTD کی تونسہ، بہاولپور میں کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک، اسلحہ، بارود برآمد

لاہور / اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) تونسہ شریف اور بہاولپور کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی ،فتنہ الہندوستان کے 6دہشتگرد ہلاک، اسلحہ، بارود برآمد، 5 زخمی دہشتگرد جنگل کی جانب فرار، سرچ آپریشن شروع ، صدر ، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا کامیاب آپریشن پر خراج تحسین ۔ تفصیلات کے مطابق تونسہ شریف اور بہاولپور کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی ،فتنہ الہندوستان کے 6دہشتگرد ہلاک، اسلحہ، بارود برآمد۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی اور فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے درمیان سرحدی گاؤں کے قریب شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 خطرناک دہشت گرد ہلاک اور 5 زخمی ہوکر جنگل کی طرف فرار ہوگئے۔ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ، تین عدد تیار شدہ دیسی ساختہ بم (IEDs)، دستی بم، رائفلیں، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ دہشتگرد کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے، جسے بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔سی ٹی ڈی نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔سی ٹی ڈی پنجاب اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں بہاولپور میں خفیہ اطلاع پر بڑا آپریشن کیا گیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کا مقصد انتہائی مطلوب دہشتگرد کی گرفتاری تھا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تونسہ کے قریب دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید