ملتان (سٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی گھنٹوں لوڈشیڈنگ، بار بار ٹرپنگ اور کم وولٹیج نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ہی بجلی کی بندش کے دورانیے میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس پر شہری سراپا احتجاج ہیں، سفاری ٹاؤن، خان ویلج، واپڈا ٹاؤن سے منسلک علاقوں میں صارفین کو لوڈشیڈنگ، ٹرپنگ اور کم وولٹیج کا سامنا ہے، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، میپکو حکام کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور عوام کو اس شدید گرمی میں ریلیف فراہم کیا جائے، دوسری جانب میپکو حکام کا مؤقف ہے کہ بجلی کی طلب اور رسد میں فرق، اور مرمتی کاموں کے باعث وقتی طور پر مسائل درپیش ہیں، جنہیں جلد دور کر لیا جائے گا، متاثرہ صارفین کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے باوجود روزانہ کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے، نہ صرف بجلی بار بار بند ہو رہی ہے بلکہ جب آتی ہے تو وولٹیج اتنے کم ہوتے ہیں کہ برقی آلات کام نہیں کرتے اور جلنے کا خطرہ بھی رہتا ہے، متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ میپکو کے متعلقہ دفاتر میں بار بار کالز کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، صارفین کا کہنا ہے کہ شکایات درج کرانے کے باوجود نہ تو ٹرپنگ کے مسائل حل ہو رہے ہیں اور نہ ہی وولٹیج بہتر کیے جا رہے ہیں۔