اسلام آباد( رپورٹ:،رانامسعود حسین) چیف جسٹس آف پاکستان ، مسٹرجسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) کمیٹی پروسیجر 2025 منظور کرلیا ہے ، سپریم کورٹ کے رجسٹرار محمد سلیم خان کے دستخطوں سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر ) ایکٹ 2023کے تحت چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل کمیٹی نے اپنے اجلاس میںʼʼ کمیٹی پروسیجرʼʼ منظور کیا ہے ،نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس جب چاہیں فزیکل یا ورچوئل کسی بھی طریقے سے کمیٹی کا اجلاس طلب کر سکتے ہیں جبکہ کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کے لیے کم از کم دو ارکان کا موجود ہونا لازمی ہے ،یہ کمیٹی باقاعدگی سے ،ترجیحا ًماہانہ یا پندرہ روز کی بنیاد وں پر بنچوں کی تشکیل کرے گی، خصوصی حالات کے علاوہ ایک بار تشکیل دیے گئے بنچ میں ترمیم ممکن نہیں ہوگی۔