اسلام آباد (ساجد چوہدری ) وزارت موسمیاتی تبدیلی میں الیکٹرانک فضلے کے مؤثر انتظام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ پاکستان سالانہ پانچ لاکھ ٹن سے زائد ای-ویسٹ پیدا کررہا ہے ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی ذوالفقار یونس کی سربراہ میں ہونے والے اجلاس میں ملک میں ای-ویسٹ مینجمنٹ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کا مقصد پاکستان کے پہلے قومی الیکٹرانک فضلہ (ای-ویسٹ) مینجمنٹ فریم ورک کی تیاری پر غور کرنا تھا ، اجلاس میں پالیسی اور قانونی خلا کی نشاندہی کی گئی اور پائیدار و ماحول دوست ای-ویسٹ تلفی کے لیے روڈمیپ کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا، ذوالفقار یونس نے پاکستان بھر میں ای-ویسٹ کی غیر محفوظ اور غیر رسمی ہینڈلنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے باضابطہ ری سائیکلنگ کے ڈھانچے، مؤثر قانون سازی اور عوامی آگاہی کی اشد ضرورت پر زور دیا،ڈائریکٹر جنرل ماحولیات آصف صاحبزادہ نے انکشاف کیا کہ پاکستان ہر سال پانچ لاکھ ٹن سے زائد ای-ویسٹ پیدا کرتا ہے، جس کا زیادہ تر حصہ غیر رسمی چینلز کے ذریعے تلف کیا جاتا ہے، جو سنگین ماحولیاتی اور صحت کے خطرات پیدا کر رہا ہے۔