اسلام آباد /راولپنڈی / چکوال/ لاہور (نمائندگان جنگ، ایجنسیاں)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اورراولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی ،جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی میں 15 گھنٹے میں 230 ملی میٹر بارش برسنے پر ندی نالوں میں طغیانی ‘پانی گھروں میں داخل ‘ لوگوں کا انخلاءشروع‘نالہ لئی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر سائرن بجادیے گئے‘پنڈی میں تعطیل کا اعلان ،چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد 423 ملی میٹر بارش برسنے پر ڈیم کابند ٹوٹ گیا،کئی گاڑیاں سیلابی ریلوں میں بہہ گئیں ،موٹروے بھی زیر آب آگئی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،امدادی کاررائیوں میں حصہ لینے کیلئے پاک فوج کے جوان متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ، ہیلی کاپٹرز اور کشتیوں کی مدد سے عوام کی مدد کی گئی‘ پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 63 افراد جاں بحق اور سیکڑوںزخمی ہوگئے ، لاہور میں 15، فیصل آباد میں 9، ساہیوال میں 5، پاکپتن میں 3 اور اوکاڑہ میں 9 افراد لقمہ اجل بنے، جبکہ پنجاب بھر میں آج بھی بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں مسلسل 15 گھنٹے سے زائد وقت تک موسلا دھار بارش ہوتی رہی، جس کے باعث مختلف علاقے زیرِ آب آ گئے۔ترجمان واسا راولپنڈی کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے لگی ، جو کٹاریاں کے مقام پر 21 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 20 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔ شدید بارش کے باعث مری روڈ کے متعدد مقامات کمیٹی چوک انڈرپاس، مری چوک، بنی چوک، جامع مسجد روڈ، اقبال روڈ اور دیگر سڑکوں پرٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔