پشاور(جنگ نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا نے صوبہ بھرمیں مضر صحت دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم کے دوران صوبے بھر میں چھ ماہ کے دوران 36ہزار سے زیادہ گاڑیوں کو انجن خراب ہونے پر جرمانے کیے ۔وی اوانچارج وہیکولر ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم خیبرپختون خوا پیر زیبر کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کی گئی ہے ۔جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ اور سردی کے موسم میں دھند کی روک تھام کے حوالے سے ڈرائیورز میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مہم کے تحت گاڑیوں کا دھواں اور کیفیت جانچنے کے لیے پشاور،مردان، سوات، مالاکنڈ، ایبٹ آباد،مانسہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان میں 14 موبائل لیبارٹریاں کام کررہی ہیں جن کے ذریعے گاڑیوں کا معائنہ مشینوں سے کیا جاتا ہے۔ ان مشینوں کے ذریعے گاڑیوں سے نکلنے والے دھویں کی کیفیت معلوم کی جاتی ہے۔