• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹڈاپ کرپشن سے متعلق 14 مقدمات میں یوسف رضا گیلانی بری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی اینٹی کرپشن عدالت کی جج ڈاکٹر شبانہ وحیدنے ٹڈاپ میں اربوں روپے کی کرپشن سے متعلق 14 مقدمات میں چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی و دیگر ملزمان کو بری کر دیا ہے۔جمعہ کو وفاقی اینٹی کرپشن عدالت میں ٹڈاپ میں اربوں روپے کی کرپشن سے متعلق 14 مقدمات کی سماعت ہوئی ۔ سماعت کے موقع پر چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک ایڈووکیٹ کے ساتھ پیش ہوئے ۔ دوران سماعت عدالت کی جانب سے مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا۔عدالت نے چیئرمین سینیٹ اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی و دیگر ملزمان کو بری کر دیا ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ شواہد کے مطابق نہ صرف ملزمان کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں بلکہ ان کے اکاؤنٹس میں رقم منتقل ہونے کا بھی کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔عدالت نے کہا کہ ملزمان طویل عرصے سے ان مقدمات کا بوجھ اٹھا رہے تھے، ملزمان بھی اس عرصے میں دعائیں کر کر کے تھک گئے ہونگے۔ دوسری جانب چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی بریت سے زیادہ ان افراد کے لیے خوشی ہے جو بے گناہ ہوتے ہوئے سالوں سے ان مقدمات میں پھنسے رہے۔ ہم نے عدالت سے گزارش کی کہ مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم کو بھی بری کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید