ہنگو،اسلام آباد ( آن لائن،نمائندہ جنگ ) خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس نے خارجی دہشتگردوں کے خلاف دوآبہ کے مختلف علاقوں میں بڑا آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں9 خارجی ہلاک ہوگئے جبکہ ڈی پی او خالد خان اور ایس ایچ او دوآبہ شدید زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق،ہنگو کے علاقے زرگری شناواری میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کی، اس آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔فائرنگ کے تبادلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو خالد خان، اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) دوآبہ اور سیکیورٹی فورسز کے ایک افسر زخمی ہو گئے۔کارروائی ڈی پی او خالد خان کی براہ راست نگرانی میں کی گئی، اس دوران دہشتگردوں کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی۔پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی افسران کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف ،صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ھنگو میں سیکیورٹی آپریشن میں 9 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر پولیس فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔